اسلام آباد میں بڑی کارروائی،5 ارب 41 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد
کارروائی کے دوران تقریباً 100 کلوگرام پوست کے بیج، اسلحہ اور غیر کسٹمز ادا شدہ ٹویوٹا پراڈو بھی قبضے میں لی گئی۔
اسلام آباد میں بڑی کارروائی،5 ارب 41 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت کسٹمز انفورسمنٹ نے انسداد اسمگلنگ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی، تاہم کارروائی کے دوران ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
کسٹمز حکام کے مطابق اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے خفیہ اطلاع پر 2 اکتوبر کو رات تقریباً ڈھائی بجے ایم ٹو موٹروے کے قریب کارروائی کی۔ اس دوران ایک گاڑی سے 1200 کلوگرام چرس برآمد کرکے قبضے میں لے لی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ برآمد کی گئی چرس کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 5 ارب 40 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 100 کلوگرام پوست کے بیج، اسلحہ اور غیر کسٹمز ادا شدہ ٹویوٹا پراڈو بھی قبضے میں لی گئی۔
کسٹمز حکام کے مطابق 2005 ماڈل کی ٹویوٹا پراڈو کو مبینہ طور پر منشیات کی منتقلی کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزمان نے اندھیرے کا فائدہ اٹھایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ کسٹمز حکام نے نامعلوم ملزمان کے خلاف کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنسز ایکٹ 1997 اور کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔