حکومت نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا،طلال چوہدری
ماضی میں اپوزیشن کی جانب سے یکطرفہ طور پر مذاکرات سے انکار کیا گیا، تاہم حکومت نے بات چیت کا راستہ بند نہیں کیا۔
حکومت نے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کیا،طلال چوہدری
اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ کھلا رکھا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف متعدد مواقع پر عوامی سطح پر، پارلیمنٹ اور کابینہ کے اجلاسوں میں حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اپوزیشن کی جانب سے یکطرفہ طور پر مذاکرات سے انکار کیا گیا، تاہم حکومت نے بات چیت کا راستہ بند نہیں کیا۔
وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ سیاسی اور قومی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے، کیونکہ اختلافات کا حل مذاکرات کی میز پر تلاش کیا جاسکتا ہے۔
طلال چوہدری نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن موجودہ صورتحال میں مثبت رویہ اختیار کرے گی اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔