صومالیہ لے جائے گئے جہاز پر بدستور3 پاکستانی موجود ہونے کا انکشاف

کپتان کے ساتھ ہیں، چار دیگر کل کراچی پہنچیں گے، لاشیں بھی لائی جا رہی ہیں، اسحاق ڈار

October 2, 2026 · قومی
صومالیہ لے جائے گئے جہاز پر بدستور3 پاکستانی موجود ہونے کا انکشاف

صومالیہ لے جائے گئے جہاز پر بدستور3 پاکستانی موجود ہونے کا انکشاف

صومالیہ کے ساحل کے قریب بحری قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے جہاز کے عملے میں شامل 4 پاکستانی شہریوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ تاہم تین پاکستانی تاحال جہاز پر موجود ہیں۔ ان کی جہاز پر موجودگی کا انکشاف وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق وزارت خارجہ اور جبوتی میں پاکستانی سفارتخانے کی مشترکہ کوششوں سے بازیاب ہونے والے پاکستانیوں میں یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی شامل ہیں، جو کل کراچی پہنچیں گے۔

سرکاری ذرائع اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے بیان کے مطابق، یہ تمام افراد صومالیہ کے قریب جہاز ایم وی آنر 25 پر سوار تھے جسے قزاقوں نے اغوا کر لیا تھا۔ صومالی میری ٹائم پولیس کی جانب سے جہاز کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن کے دوران قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانی شہریوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں میں رفیع اللہ خان، سید کاشف عمر اور محمود احمد شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار (@MIshaqDar50) نے کہا کہ وزارت خارجہ اور جبوتی میں ہمارے سفارتخانے کی مسلسل کوششوں کے بعد صومالیہ کے ساحل کے قریب ایم وی آنر 25 کے اغوا سے متاثر ہونے والے 10 میں سے 4 پاکستانی عملے کے ارکان جن میں یاسر خان، عقیل خان، امین بن شمس اور عثمان غنی شامل ہیں، کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے اور وہ انشااللہ کل 3 اکتوبر کو کراچی پہنچنے والے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان تین پاکستانی عملے کے ارکان جن میں مرحوم رفیع اللہ خان، مرحوم سید کاشف عمر اور مرحوم محمود احمد انصاری شامل ہیں، جو المناک طور پر اپنی جانیں ہار گئے تھے، کے جسد خاکی کو پاکستان واپس لایا جا رہا ہے، اور اس سلسلے میں اس عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام ضروری قانونی اور دیگر کارروائیاں تیزی سے مکمل کی جا رہی ہیں۔ میری دلی تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے جو انتہائی تکلیف دہ وقت سے گزر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ باقی 3 پاکستانی عملے کے ارکان جن میں عمران علی، یاسین محمد اور سید یوسف حسین شامل ہیں، کپتان کے ساتھ جہاز پر موجود ہیں۔ ہم ان کے محفوظ انخلا اور پاکستان میں جلد از جلد واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے دوست ممالک کے ساتھ فعال طور پر رابطہ کاری کر رہے ہیں، انشااللہ۔

اسحاق ڈار نے کہاکہ وزارت خارجہ، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں، اس معاملے پر مکمل طور پر توجہ دیے ہوئے ہے اور ہمارے تمام شہریوں بشمول جاں بحق افراد کی لاشیں جلد از جلد واپس لانے کے لیے مسلسل ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔