9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ کورکمانڈرز کانفرنس
کور کمانڈرز کانفرنس میں داخلی استحکام، انسداد دہشتگردی اور دفاعی صلاحیتوں پر غور
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد - فائل فوٹو
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔
فورم نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
شرکاء نے کہا کہ افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں پاکستان کا دفاعی حق ہیں۔ کور کمانڈرز کانفرنس کے مطابق ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی مخبوط الحواس قیادت ہے۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تسلسل کے ساتھ کامیاب انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں کو سراہا۔
شرکاء کانفرنس نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ بہترین انتظامی اور گورننس کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ فورم کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے لازم ہے کہ گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب ترین لایا جائے۔
کور کمانڈرز کانفرنس نے کہا کہ عوام کے ساتھ دہشتگردی کی وجوہات اور عوامل پر مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر کام کرنا بھی ضروری ہے۔ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم، ٹیرر گٹھ جوڑ کو توڑنا ضروری ہے، جبکہ پولیس کی استعدادِ کار کو بھی بڑھانا ہوگا۔
فورم نے کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے۔ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی کیا۔ شرکاء نے سعودی عرب کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حرمین شریفین کے تحفظ اور تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
شرکاء کانفرنس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جائے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط کرنے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ فارمیشنز جدید ٹیکنالوجی کے حصول، ٹریننگ اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔