وفاقی سول سرونٹس کو دہری شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات کا ڈیکلریشن جمع کرانے کی سخت ہدایت

اہم پیش رفت، ایک ہفتے کی مہلت، عدم تعمیل پر سخت کارروائی ہوگی۔

October 2, 2026 · قومی
وفاقی سول سرونٹس کو دہری شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات کا ڈیکلریشن جمع کرانے کی سخت ہدایت

وفاقی سول سرونٹس کو دہری شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات کا ڈیکلریشن جمع کرانے کی سخت ہدایت

حکومت نے ملک بھر کے سول سرونٹس کو دہری شہریت اور غیر ملکی سفری دستاویزات سے متعلق نئے قواعد کے تحت فوری طور پر ڈیکلریشن جمع کرانے کی سخت ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس ضمن میں تمام وزارتوں، ڈویژنز، چیف سیکرٹریز اور صوبائی پولیس افسران کو باضابطہ مراسلہ اور آفس میمورنڈم ارسال کر دیا گیا ہے۔

دستاویز کے مطابق، سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی کی تمام تفصیلات ایک ہفتے کے اندر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں جمع کرانے کا پابند بنایا گیا ہے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈیکلریشن میں افسران اور ان کے زیر کفالت افراد کی دہری شہریت کی حیثیت کو مکمل طور پر ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔

متعدد اعلیٰ افسران کی جانب سے تاحال مطلوبہ ڈیکلریشن جمع نہ کرانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد تمام متعلقہ حکام کو احکامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری گزٹ میں قواعد کے نفاذ کے بعد ابتدائی طور پر اس کی مدت 90 دن مقرر کی گئی تھی، تاہم اب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مراسلے کے تحت تمام زیر التوا ڈیکلریشنز فوری طور پر جمع کرانے کی تاکید کی گئی ہے۔

مراسلے کے متن کے مطابق، مقررہ مدت میں ڈیکلریشن جمع نہ کرانے یا اس میں غلط معلومات فراہم کرنے کو مس کنڈکٹ تصور کیا جائے گا۔ قواعد کی خلاف ورزی یا غلط معلومات دینے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف سول سرونٹس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔