لاہور میں بیرون ملک سے لوٹنے والا برطانوی شہری بینک ڈکیتی کے بعد گرفتار
واردات نجی سوسائٹی میں ہوئی، ملزم سے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز کی پریس کانفرنس۔
لاہور میں بیرون ملک سے لوٹنے والا برطانوی شہری بینک ڈکیتی کے بعد گرفتار
لاہور کے علاقے جنوبی چھاؤنی میں بھٹہ چوک کے قریب نجی بینک میں پیش آنے والی ڈکیتی کی ایک انوکھی واردات کا پول کھل گیا ہے جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی شناخت سبحان کے نام سے ہوئی ہے جو برطانوی شہری ہے اور کچھ عرصہ قبل ہی بیرون ملک سے پاکستان واپس لوٹا تھا۔ پولیس ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ملزم نے بینک کے اندر مبینہ طور پر انگریزی میں گفتگو بھی کی اور سیکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنا کر واردات کو انجام دیا۔
پولیس ذرائع اور تفتیشی رپورٹس کے مطابق ملزم 16 ستمبر کو برطانیہ سے پاکستان پہنچا تھا اور اس سے قبل اپریل میں بھی وہ پاکستان آیا تھا۔ دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کے پاس موجود 1200 پاؤنڈز کی رقم ختم ہو چکی تھی جس پر اہل خانہ کے ساتھ اس کا جھگڑا بھی ہوا تھا۔ رقم اور ذرائع معاش کے خاتمے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر نیٹ فلیکس سیریز دیکھ کر اس بینک ڈکیتی کا منصوبہ بنایا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے غازی روڈ پر واقع بینک کو اپنے ہدف کے طور پر منتخب کر رکھا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج اور پولیس کے بیانات کے مطابق ملزم صبح 9 بج کر 19 منٹ پر بینک میں داخل ہوا اور صرف 9 منٹ کے اندر واردات مکمل کر کے فرار ہو گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے بینک کاؤنٹر سے 7 لاکھ روپے سے زائد کی نقدی اور سیکیورٹی گارڈز کے 2 ہتھیار لوٹے تھے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی سوسائٹی سے ملزم کو حراست میں لے لیا اور اس کے قبضے سے 4 لاکھ 26 ہزار روپے نقدی، واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی اور لوٹا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے واردات کے بعد اسلام آباد فرار ہونے کا منصوبہ بنایا تھا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کی جا چکی تھیں۔