خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے دوران 1 دن میں 4 کروڑ روپے جمع
اہم پیش رفت، فنڈز کی کوئی کمی نہیں، لانگ مارچ 4 اکتوبر سے شروع ہوگا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا اعلان۔
خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے دوران 1 دن میں 4 کروڑ روپے جمع
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں 4 اکتوبر سے شروع ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں صرف 1 دن کے اندر 4 کروڑ روپے کے عطیات جمع ہو چکے ہیں۔ پشاور میں فنڈ ریزنگ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کی کال کے بعد عوام اور کارکنوں نے بھرپور مالی تعاون کیا ہے جس پر وہ سب کے مشکور ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ فنڈز کا کوئی مسئلہ نہیں ہے اور یہ مہم کامیابی کے ساتھ جاری رہے گی۔
لانگ مارچ کے شیڈول کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس کا آغاز 4 اکتوبر کو لکی مروت سے ہوگا، جبکہ 6 اکتوبر کی صبح متنی پشاور پہنچنے کے بعد قافلہ صوابی کے لیے روانہ ہوگا۔ انہوں نے جنوبی اضلاع کے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ یہ لانگ مارچ اب محض کسی سیاسی جماعت یا رہنما کی رہائی کا مسئلہ نہیں بلکہ خطے میں امن کا قیام زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام اس جنگ کو خود لڑیں اور بھرپور تیاریاں کریں۔
سہیل آفریدی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ لانگ مارچ مکمل طور پر پرامن ہوگا اور شرکاء نے پرامن انداز میں اس میں شرکت کرنی ہے۔ حکومتی مذاکرات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر تاحال تفصیلی ہدایات نہیں ملیں، تاہم تمام مطالبات سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو آگاہ کر دیا گیا ہے جو پشاور پہنچ کر میڈیا کو آئندہ کی حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔