لانگ مارچ پر پارٹی فیصلہ حتمی ہوگا، گنڈاپور
خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا اختیار بھی عمران خان کی ہدایت کے بغیر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
لانگ مارچ پر پارٹی فیصلہ حتمی ہوگا، گنڈاپور
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پارٹی کے تمام اہم فیصلوں کی بنیاد عمران خان کی ہدایات اور مینڈیٹ ہے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ سے متعلق پارٹی قیادت جو فیصلہ اور ہدایات دے گی، ان پر عمل کیا جائے گا۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا اختیار بھی عمران خان کی ہدایت کے بغیر استعمال نہیں کیا جاسکتا۔
لانگ مارچ کے اخراجات سے متعلق سوال پر سابق وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ماضی میں پارٹی کی احتجاجی سرگرمیوں اور لانگ مارچ کے لیے ذاتی مالی وسائل بھی استعمال کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے قرضے لینے کے ساتھ اپنی بعض جائیدادیں بھی فروخت کیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ انہیں اس وقت افسوس ہوا جب ان کی بہن علیمہ خان نے احتجاجی سرگرمیوں کے اخراجات کے حوالے سے سوال اٹھایا، حالانکہ ان کے بقول وہ جانتی ہیں کہ انہوں نے پارٹی کے لیے کس حد تک مالی تعاون کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرنے کے لیے انہیں متعلقہ دستاویزات بھی شیئر کرنا پڑیں۔
لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فی الحال وہ کارکنوں کی تعداد کے بارے میں حتمی اندازہ نہیں لگا سکتے، تاہم عمران خان سے وابستگی رکھنے والے کارکن احتجاج میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے جو انتظامی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں، انہیں پورا کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنی سیاسی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر مختلف مشکلات اور چیلنجز سے بھرپور ہے، تاہم کارکنوں کو متحرک رکھنا اور جدوجہد جاری رکھنا ان کا کام ہے، جبکہ حتمی نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔