اسکول وین حادثہ ۔دوسروں کی جان بچاتے ہوئے جان دینے والی عائشہ کا بھائی ارحم بھی چل بسا

کمسن ارحم کلیم عباسی کو تشویشناک حالت میں ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیر علاج رکھا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

October 3, 2026 · قومی
اسکول وین حادثہ ۔دوسروں کی جان بچاتے ہوئے جان دینے والی عائشہ کا بھائی ارحم بھی چل بسا

اسکول وین حادثہ ۔دوسروں کی جان بچاتے ہوئے جان دینے والی عائشہ کا بھائی ارحم بھی چل بسا

مری میں سکول وین میں آتشزدگی کے المناک حادثے میں زخمی ہونے والا ایک اور کمسن طالب علم دورانِ علاج جان کی بازی ہار گیا، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق بچوں کی تعداد دو ہوگئی۔

ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں زیرِ علاج ارحم کلیم عباسی شدید جھلسنے کے باعث تشویشناک حالت میں تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا۔ اس سے قبل ارحم کی بڑی بہن عائشہ کلیم عباسی بھی حادثے کے بعد دم توڑ گئی تھیں۔

دونوں سگے بہن بھائی تھے، جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والا ان کا بھائی عبداللہ اب خطرے سے باہر ہے اور اسے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

حادثے کے وقت سکول وین میں 10 طالب علم سوار تھے جو آگ لگنے کے باعث جھلس کر زخمی ہوئے۔ واقعے کے بعد زخمی بچوں کو مختلف طبی مراکز منتقل کیا گیا، جبکہ حادثے کی وجوہات اور ذمہ داری کے تعین کے لیے متعلقہ اداروں کی کارروائی جاری ہے۔

ارحم اور عائشہ کے جاں بحق ہونے سے علاقے میں سوگ کی فضا ہے اور اہلِ علاقہ غمزدہ خاندان سے اظہارِ تعزیت کر رہے ہیں۔