پی ٹی آئی کا کل سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان

لانگ مارچ کو ختم یا ملتوی کرنے کا فیصلہ بانی چیئرمین کی ہدایت سے مشروط ہوگا۔

October 3, 2026 · قومی
پی ٹی آئی کا کل سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان

پی ٹی آئی کا کل سے لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی اور کور کمیٹی نے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کل سے مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے مطابق لانگ مارچ کو ختم یا ملتوی کرنے کا فیصلہ بانی چیئرمین کی ہدایت سے مشروط ہوگا۔

رات گئے ہونے والے اجلاس میں بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے پارٹی قیادت کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ممکنہ حکومتی اقدامات اور ان کے نتیجے میں صوبائی حکومت یا پارٹی کو درپیش صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بعض ارکان کی جانب سے ممکنہ حکومتی کارروائی سے بچنے کے لیے لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی گئی، تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مارچ ملتوی نہ کرنے کا مؤقف اختیار کیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں کہا کہ لانگ مارچ کو روکنے یا ملتوی کرنے کا اختیار بانی چیئرمین کے پاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں بانی چیئرمین سے ملاقات کی شرط بھی سامنے رکھی جانی چاہیے۔

اجلاس میں پارٹی کی آئندہ حکمت عملی، حکومت کے ساتھ مذاکرات اور لانگ مارچ سے متعلق مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔