لاہور میں یونیورسٹی طالبہ کو دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
طالبہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی تھی، جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر فوری مقدمہ درج کیا گیا۔
لاہور میں یونیورسٹی طالبہ کو دھمکیاں دینے والا ملزم گرفتار
لاہور: سندر کے علاقے میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے اور اس کے اپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق طالبہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی تھی، جس کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کے حکم پر فوری مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق طالبہ اور ملزم عبدالرحمان کے درمیان کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران ملزم نے مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور نازیبا زبان استعمال کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر طالبہ کے اپارٹمنٹ میں داخل ہوا اور وہاں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے کمرے کو نقصان پہنچایا۔
گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے تحقیقاتی ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ خواتین اور بچوں سے متعلق واقعات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔