اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں،وزارت اطلاعات کی وضاحت

شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔

October 3, 2026 · قومی
اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں،وزارت اطلاعات کی وضاحت(فائل فوٹو)

اسلام آباد میں کوئی سڑک بند نہیں،وزارت اطلاعات کی وضاحت(فائل فوٹو)

اسلام آباد: وزارت اطلاعات و نشریات نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کی جانب سے اسلام آباد میں سڑکوں کی بندش سے متعلق رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں کوئی سڑک بند نہیں کی گئی۔

وزارت اطلاعات کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ حفاظتی انتظامات ماضی میں پیش آنے والے پرتشدد واقعات اور حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنا ہے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق غیر ملکی ٹی وی نے حفاظتی اقدامات کو صرف سڑکوں کی بندش کے طور پر پیش کیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ شہر کی تمام سڑکیں آمدورفت کے لیے کھلی ہیں۔

وزارت نے غیر ملکی ادارے کی رپورٹنگ کو یکطرفہ اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرز کی رپورٹنگ سے منفی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم پروپیگنڈے سے حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔