حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں وقتی ڈیڈ لاک آگیا، ذرائع
اپوزیشن قیادت میں رابطے، حتمی فیصلے سے قبل مشاورت کا سلسلہ جاری
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور، لانگ مارچ پر اختلافات برقرار
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں وقتی ڈیڈ لاک کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر لانگ مارچ ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن قائدین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے گفتگو کی۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پہلے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی، پھر کوئی فیصلہ ہوگا، بانی سے ملاقات کے بغیر کوئی اعلان یا فیصلہ ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اس بات تک محدود رہو کہ بانی سے ملاقات ہوگی تو ہی فیصلہ ہوگا، حکومت کو کہیں بانی سے پوچھ کر آپ کو اس کا فیصلہ بتائیں گے۔
مذاکرات کے وقفے کے دوران محمود خان اچکزئی نے علامہ ناصر عباس سے بھی گفتگو کی۔ دونوں اپوزیشن رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر لانگ مارچ ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔ ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلوں کے حامی ہیں۔