کراچی میں 19 سال سے گاڑیاں چرانے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
ملزم بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کا حصہ تھا اور گزشتہ 19 سال سے گاڑیوں کی چوری میں ملوث رہا۔
کراچی میں 19 سال سے گاڑیاں چرانے والا ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک
کراچی کے علاقے کورنگی، شاہ فیصل کالونی میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کے مبینہ پولیس مقابلے میں گاڑیاں چوری کرنے والے ایک ملزم کو ہلاک کردیا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
ایس ایس پی اے وی ایل سی کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت در محمد بروہی ولد شیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کا حصہ تھا اور گزشتہ 19 سال سے گاڑیوں کی چوری میں ملوث رہا۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 47 مقدمات درج تھے، جبکہ اسے ماضی میں 7 مرتبہ گرفتار بھی کیا جاچکا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ مقابلے کے بعد ملزم کے قبضے سے سعید آباد تھانے کی حدود سے چوری کی گئی ایک گاڑی اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف گاڑی چوری، پولیس مقابلے، غیر قانونی اسلحہ اور منشیات سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات بھی درج تھے۔
پولیس حکام کے مطابق مقابلے کے دوران فرار ہونے والے دونوں ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔