تیل مہنگا ہونے کا بوجھ ہزاروں ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے،علی پرویز ملک
حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن اقدام کرے گی۔
تیل مہنگا ہونے کا بوجھ ہزاروں ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے،علی پرویز ملک
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث ملک پر اضافی مالی بوجھ ہزاروں ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے، تاہم حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن اقدام کرے گی۔
مغلپورہ لاہور میں اپنے حلقے کے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے میں جاری جنگ کے باعث صورتحال تشویشناک ہے اور حکومت کو عوام کو درپیش مشکلات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل احساس ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار شفاف انداز میں عوام کے سامنے رکھا گیا ہے، جبکہ مستقبل میں اگر کوئی حکومت اس فارمولے سے ہٹتی ہے تو عوام اس سے سوال کرسکتے ہیں۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نے موجودہ جنگی صورتحال کے دوران عوام پر غیر ضروری اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کیا ہے اور عوام تک ریلیف پہنچانے میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کے بغیر مصنوعی ریلیف دینے کے نتائج ماضی میں سامنے آچکے ہیں، 2022 میں ملک کو شدید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور موجودہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ دہشت گردی ایک مرتبہ پھر سر اٹھا رہی ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہوکر کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔