حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کیوں ناکام ہوئے؟ سلمان اکرم راجا نے بتا دیا
مذاکرات میں ڈیڈلاک کی اصل وجہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے طریقہ کار پر دونوں فریقین کا مختلف مؤقف تھا۔
حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کیوں ناکام ہوئے؟ سلمان اکرم راجا نے بتا دیا
اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے حکومت اور پی ٹی آئی کی مذاکراتی ٹیم کے درمیان بات چیت میں ناکامی کی بنیادی وجہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات پر اختلاف کو قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ دیگر معاملات اور پیدا ہونے والے شور کو ایک طرف رکھا جائے تو مذاکرات میں ڈیڈلاک کی اصل وجہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے طریقہ کار پر دونوں فریقین کا مختلف مؤقف تھا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم اپنے اس اصولی مؤقف پر قائم رہی کہ خیبر پختونخوا میں انسداد دہشت گردی کے اقدامات وفاقی اور صوبائی حکومت کے باہمی اتفاق رائے سے کیے جائیں۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق اس عمل میں خیبر پختونخوا اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی سیاسی جماعتوں سے بھی مشاورت اور ان کی رضامندی کو مدنظر رکھا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم اس مؤقف سے اتفاق نہیں کرتی تھی۔ ان کے مطابق حکومت کا مطالبہ تھا کہ وفاق کی جانب سے یکطرفہ طور پر کیے جانے والے تمام اقدامات کی ذمہ داری خیبر پختونخوا حکومت قبول کرے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ صوبے میں انسداد دہشت گردی سے متعلق فیصلوں میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبے کے سیاسی اور قبائلی عمائدین، بشمول ضم شدہ اضلاع کے نمائندوں کی جرگہ روایت اور رائے کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔
سلمان اکرم راجا کے مطابق وفاقی حکومت اس مؤقف کو بھی قبول کرنے پر آمادہ نہیں تھی، جس کے باعث مذاکرات میں اتفاق رائے پیدا نہ ہوسکا۔