کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ٹاؤن میں گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ لگ گئی
فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں مصروف عمل، فیکٹری میں پلاسٹک موجود ہونے سے شدت میں اضافہ۔
کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں گارمنٹس فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں مصروفِ عمل ہیں۔
کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ٹاؤن میں حبیب بینک چورنگی کے قریب ایک گارمنٹس فیکٹری میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی ۔ چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں کے مطابق آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی ہے جہاں پلاسٹک، ربڑ اور دیگر کیمیکل موجود ہونے کے باعث آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
فائربریگیڈ حکام کے مطابق اس نان وون فیبرک پلانٹ میں زیادہ تر فیبرک پی پی فائبر سے تیار کیا جاتا ہے اور فیکٹری میں بھاری مقدار میں پلاسٹک کے دانے بھی موجود ہیں۔ کے ایم سی اور ریسکیو ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں جبکہ شہر بھر سے مزید فائر ٹینڈرز بھی طلب کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان فائربریگیڈ کا بتانا ہے کہ مجموعی طور پر کے ایم سی کے 7 فائر ٹینڈرز، 1 اسنارکل اور 1 واٹر باؤزر کی مدد سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ اس کے علاوہ واٹر کارپوریشن نے نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر ٹینکرز روانہ کر دیے ہیں تاکہ آتشزدگی پر قابو پانے کے عمل کے دوران پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
پولیس، رینجرز اور دیگر امدادی ٹیمیں بھی موقع پر موجود ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندر کسی شخص کے موجود ہونے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ آخری اطلاعات تک اس حادثے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی اور آگ لگنے کی وجوہات کا فوری طور پر تعین نہیں کیا جا سکا۔