فاروق ستارکاسندھ میں ایم ڈی کیٹ کے نظام پرشدیدتحفظات کااظہار

انتظامی غفلت پر نوٹس، وزارتِ صحت نے 15 روز میں رپورٹ طلب کرلی

October 5, 2026 · قومی
فاروق ستار پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈی کیٹ کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے

فاروق ستار پریس کانفرنس کے دوران ایم ڈی کیٹ کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے

 

کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور صوبے کے تمام تعلیمی اداروں پر پیپلز پارٹی کی حکومت قابض ہے۔ یہ بات متحدہ قومی موومنت (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل پر وڈیروں اور جاگیرداروں کا قبضہ ہے جبکہ شہری علاقوں کے طلبہ کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے۔

فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ 2020ء سے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات میں خرابیوں کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا وہ اب تک تھم نہیں سکا۔ ان کے مطابق کراچی کے 12 ہزار طلبہ کے لیے صرف 2 امتحانی مراکز بنائے گئے جہاں شدید گرمی میں طلبہ سے کھلے میدانوں میں امتحان لیا گیا، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔

دوسری جانب، وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے امتحان سے متعلق سامنے آنے والی شکایات کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔ وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس معاملے پر وزارت سے 15 روز کے اندر تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی گئی ہے۔

دستاویزات اور وزارتِ صحت کی ہدایات کے مطابق سندھ حکومت متعلقہ یونیورسٹی کے ساتھ مل کر تمام شکایات کا جائزہ لے گی۔ امتحان کے انعقاد میں شفافیت پر اٹھنے والے سوالات اور سوشل میڈیا پر آنے والی شکایات کی روشنی میں امتحانی مراکز کے نتائج، نمبرز، فیصد اور پاس ریٹ کا تقابلی جائزہ لیا جائے گا۔ انکوائری میں حاضری شیٹس، سیٹنگ پلان، سنٹر ریکارڈ اور نتائج کا ڈیٹا بھی شامل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بےضابطگی، جعل سازی یا انتظامی غفلت کا تعین کیا جا سکے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔