پاکستان پولینڈ تعلقات کو مضبوط شراکت داری میں بدلنے کے خواہاں ہیں:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف اور پولینڈ کے وزیر کے درمیان اہم ملاقات

October 5, 2026 · قومی

وزیراعظم شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر ٹوماش شیمونیاک کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور تجارت پر گفتگو۔ فائل فوٹو

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، کاروباری روابط اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ روابط کا جائزہ لیا گیا اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط مزید بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

شہباز شریف نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا اور اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں اپنے تعلقات مزید مستحکم کریں گے۔

ملاقات میں اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔