ایوب ٹیچنگ انسٹیوٹشن کےملازم سپروائزر سردار عارف مبینہ پولیس فائرنگ سے جاں بحق

گھر میں بیوی بچوں کے سامنے فائرنگ، لواحقین کا شاہراہ قراقرم پر احتجاج

October 5, 2026 · قومی

شاہراہ قراقرم پر سردار عارف کے لواحقین کا احتجاج

ایوب ٹیچنگ انسٹیوٹشن ایبٹ آباد کے ملازم سپروائزر سردار عارف افغانی کے ساتھ تنازعے میں مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔ تھانہ میرپور کی حدود پھل گلاب روڈ پر واقع رہائشی گھر میں سردار عارف کو بیوی اور بچوں کے سامنے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

واقعے کے بعد نعش کا پوسٹمارٹم کیا گیا، جس کے بعد ورثاء اور لواحقین نے مین شاہراہ قراقرم کو دونوں اطراف سے بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکاروں کو معطل کرکے ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔

واقعے کے بعد ایس پی ہیڈکوارٹر اشتیاق خان بھی ہسپتال پہنچے اور لواحقین سے مذاکرات کیے۔ لواحقین کے مطابق پولیس نے غیر ملکی افغانی کا دفاع کرتے ہوئے سردار عارف کو گھر میں مبینہ طور پر بے دریغ تشدد کا نشانہ بنایا اور متعدد فائر کرکے پولیس گردی کا نشانہ بنایا۔

ادھر ایوب ٹیچنگ انسٹیوٹشن کے ملازمین نے بھی ایس ایچ او سمیت ملوث اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج تک ہسپتال میں ایمرجنسی سروسز کے علاوہ بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

ایس ایس پی ہیڈکوارٹر اشتیاق خان نے لواحقین کو انکوائری کرکے انصاف دلانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تاہم نماز مغرب کے بعد مین شاہراہ قراقرم بند ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

یاد رہے کہ مقتول سردار عارف انسانی حقوق و بین المذاہب ہم آہنگی ضلع ایبٹ آباد کے چیئرمین سردار عبدالرشید کے صاحبزادے ہیں۔