اقوام متحدہ کے سربراہ اسلام آباد پہنچ گئے

وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے۔ ایئرپورٹ پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا۔

October 6, 2026 · قومی
اقوام متحدہ کے سربراہ اسلام آباد پہنچ گئے

اقوام متحدہ کے سربراہ اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے علاوہ پاک بھارت جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز اور قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے کا دورہ کریں گے۔

انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے۔ ایئرپورٹ پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اپنے دورے کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ پاک بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے

 

انتونیو گوتریس قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے میں بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے، جہاں پاکستان کی عالمی امن و سلامتی، انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی کوششوں پر انہیں آگاہ کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ دورہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ ملاقاتوں میں عالمی امن، انسانی امداد اور پائیدار ترقی سمیت مختلف امور زیر بحث آنے کی توقع ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے کردار کے لیے حمایت کا اظہار ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔