معاشی استحکام اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے،وزیر خزانہ
مہنگائی میں کمی کے حوالے سے معاشی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، تاہم پائیدار معاشی استحکام اب بھی بنیادی ضرورت ہے۔
معاشی استحکام اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیح ہے،وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات بڑھانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
نیشنل پائیدار ترقیاتی اہداف سرمایہ کاری میلے سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومت کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پاکستان کو ایسی معاشی ترقی کی ضرورت ہے جو ذمہ دارانہ ہونے کے ساتھ طویل مدت تک برقرار بھی رہ سکے۔
وزیر خزانہ کے مطابق عالمی معاشی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے ملکی معاشی پالیسیوں کو آگے بڑھانا ہوگا۔ مہنگائی میں کمی کے حوالے سے معاشی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، تاہم پائیدار معاشی استحکام اب بھی بنیادی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ مقامی سرمایہ کاروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا تو بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی بہتر ماحول پیدا ہوگا۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستانی کاروباری گروپس مشترکہ طور پر کنسورشیم تشکیل دے کر کاروباری سرگرمیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 نئے حصص کے اجرا ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران 11 نئے حصص جاری کیے گئے، جو تقریباً دو دہائیوں کی بلند ترین سطح ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی نقصانات کے لیے قائم عالمی فنڈز سے مطلوبہ تعاون نہیں مل رہا، اس لیے عالمی مالیاتی ذرائع سے مزید معاونت حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں موسمیاتی خطرات کی نشاندہی اور مسلسل نگرانی ضروری ہے۔ عالمی معیار کے موسمیاتی منصوبے بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کی استعداد کار بڑھانا ہوگی، جبکہ منصوبوں میں صرف کیا اور کیوں کے بجائے کیسے اور کون جیسے سوالات پر بھی توجہ دینا ہوگی۔