سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک رشوت کے لفافے سمیت گرفتار

واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری ہیں۔

October 6, 2026 · قومی
سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک رشوت کے لفافے سمیت گرفتار

سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک رشوت کے لفافے سمیت گرفتار

راولپنڈی: محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں مبینہ رشوت کے معاملے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عمران برتھ کو رشوت کے لفافے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق 5 اکتوبر کی رات سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے گئے، جہاں جیل کی سیکیورٹی، انتظامی اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے بعد سپرنٹنڈنٹ وہاں سے روانہ ہوگئے، تاہم تقریباً دو منٹ بعد دوبارہ واپس آئے اور آئی جی سے اہم بات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ محکمہ جیل کے مطابق اسی دوران انہوں نے نوٹوں سے بھرا لفافہ آئی جی کی میز پر رکھ دیا۔

آئی جی جیل خانہ جات نے مبینہ رقم لینے سے انکار کرتے ہوئے فوری طور پر سیکریٹری داخلہ پنجاب کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو کارروائی کے لیے اطلاع دی گئی۔

اینٹی کرپشن حکام نے کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک کو مبینہ رشوت کے لفافے سمیت گرفتار کرلیا۔ واقعے کی مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری ہیں۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے کہا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں رشوت، بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا اور کسی افسر یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق کارروائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بدعنوانی کے خلاف اقدامات عہدے یا رتبے کی تفریق کے بغیر کیے جائیں گے۔