آئی ایم ایف موجودہ صارفین کیلئے وزیراعظم فیول سبسڈی پر رضامند
آئی ایم ایف نے شرط عائد کی ہے کہ سبسڈی سے فائدہ اٹھانے والے صارفین کی تعداد میں مزید اضافہ نہ کیا جائے
آئی ایم ایف موجودہ صارفین کیلئے وزیراعظم فیول سبسڈی پر رضامند
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، جس دوران آئی ایم ایف نے موجودہ صارفین کے لیے وزیراعظم فیول سبسڈی جاری رکھنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے شرط عائد کی ہے کہ سبسڈی سے فائدہ اٹھانے والے صارفین کی تعداد میں مزید اضافہ نہ کیا جائے۔ فیول سبسڈی کو موٹر سائیکلوں، تین پہیوں والی گاڑیوں اور 800 سی سی تک انجن والی گاڑیوں تک محدود رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی و مالیاتی پالیسیوں سے متعلق یادداشت کی تیاری پر بھی کام شروع کردیا گیا ہے۔
مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف نے صوبوں کی رضامندی سے چینی کے شعبے کو ضابطوں سے آزاد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ آٹو پالیسی کے تحت برقی گاڑیوں کو حاصل ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت پٹرولیم اور پاور ڈویژن کے حکام سے بھی آئی ایم ایف مشن کے مذاکرات جاری ہیں۔ وزارت خزانہ کے حکام سے آئی ایم ایف مشن کی دوبارہ ملاقات متوقع ہے، جس میں گیس کے نرخوں کے ڈھانچے سمیت مختلف معاملات پر بات چیت ہوگی۔