ڈی آئی خان میں فائرنگ کے 2 واقعات، ایف بی آر اور پولیس کے 5 اہلکار شہید
شہید ہونے والے اہلکاروں میں دو ایف بی آر کے مستقل ملازمین جبکہ دو کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔ لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی خان میں فائرنگ کے 2 واقعات، ایف بی آر اور پولیس کے 5 اہلکار شہید
ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے دو الگ واقعات میں ایف بی آر کے چار اور ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا۔
ڈی پی او ضیا الدین احمد کے مطابق ابہایا پل کے قریب مسلح افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایف بی آر کے چار اہلکار شہید ہوگئے۔
پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں دو ایف بی آر کے مستقل ملازمین جبکہ دو کنٹریکٹ پر کام کر رہے تھے۔ لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
دوسرے واقعے میں بنوں روڈ پر نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس کی موبائل پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
ڈی پی او ضیا الدین احمد کے مطابق دونوں واقعات میں ایف بی آر اہلکاروں اور ٹریفک پولیس کو دوران ڈیوٹی نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعات کے بعد ڈی آئی خان شہر اور گردونواح میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔