پاکستان کا فتح-4 توسیعی ورژن کروز میزائل کا کامیاب تجربہ
تجربے کے دوران میزائل کے مختلف ذیلی نظاموں کے تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق بھی ہوئی
فتح فور کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے کے موقع پر میزائل کی لانچنگ
پاکستان نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح 4، گراؤنڈ لانچ کروز میزائل کے توسیعی ورژن کا کامیاب تجربہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ایویونکس اور جدید ترین نیوی گیشنل معاون آلات سے لیس یہ ہتھیار نظام زیادہ فاصلے پر اہداف کو انتہائی درستگی اور مہلک صلاحیت کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تجربے کے دوران بہتر درستگی اور بقا کی صلاحیت کے لیے شامل مختلف ذیلی نظاموں کے اضافی تکنیکی پیرامیٹرز کی بھی توثیق کی گئی۔
آج کے تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ متعلقہ ترقیاتی ادارے کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدرِ پاکستان، وزیراعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے فتح فور کے توسیعی ورژن کے کامیاب تجربے کو سراہا اور اس سنگِ میل کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کی تعریف کی۔