وزیراعظم آفس کی سمری مسترد ہونے کے بعد صلاح الدین احمد نرسنگ ریفارمز یونٹ کے سربراہ مقرر
نرسنگ اور مڈوائفری شعبے میں تعلیم، تربیت اور پالیسی سازی یونٹ کے سپرد
سید صلاح الدین احمد کو نرسنگ انوویشن اینڈ ریفارمز یونٹ کا سربراہ مقرر کر دیا گیا
وزارتِ قومی صحت نے پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل ایکٹ 2026 کے تحت نرسنگ انوویشن اینڈ ریفارمز یونٹ قائم کرکے جوائنٹ سیکریٹری ایڈمن سید صلاح الدین احمد کو اس کا سربراہ مقرر کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس اس سے قبل سید صلاح الدین احمد کو پاکستان نرسنگ کونسل کا رکن اور بعد ازاں صدر بنانے کی سمری تین سے زائد مرتبہ مسترد کر چکا ہے۔
وزارت کی جانب سے کونسل کی تشکیل کے لیے تیار کردہ سمری کی دستاویز کے مطابق پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل آرڈیننس 2025 کی متعلقہ دفعہ کے تحت سید صلاح الدین احمد کو سیکریٹری وزارتِ قومی صحت کے نامزد نمائندے کی حیثیت سے بطور ایکس آفیشیو ممبر تجویز کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق آٹھ رکنی نرسنگ انوویشن اینڈ ریفارمز یونٹ ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی تکنیکی و مالی معاونت سے ملنے والے فنڈز کی نگرانی، قومی و بین الاقوامی گرانٹس کے انتظام اور نرسنگ و مڈوائفری کی تعلیم، تربیت اور پالیسی سازی کے امور کا ذمہ دار ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئی اسامیاں تخلیق نہیں کی جائیں گی اور موجودہ افسران ہی اضافی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔