پاکستان کی سفارتی کامیابی،پانی سے متعلق قرارداد منظور
بھارت کی جانب سے قرارداد کے متن سے سرحد پار آبی تعاون کا حوالہ نکالنے کی کوشش کی گئی، تاہم انسانی حقوق کونسل کے 47 رکن ممالک نے قرارداد کو اتفاقِ رائے سے منظور کرلیا۔
پاکستان کی سفارتی کامیابی،پانی سے متعلق قرارداد منظور(فائل فوٹو)
جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے محفوظ پینے کے پانی اور صفائی ستھرائی کو انسانی حق تسلیم کرنے سے متعلق قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کرلی۔
قرارداد جرمنی اور اسپین کی جانب سے پیش کی گئی، جبکہ پاکستان نے اس کے حتمی متن میں سرحد پار آبی تعاون کا واضح حوالہ شامل کرانے کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کیا۔
پاکستان کے مطابق قرارداد میں پہلی مرتبہ پانی کے سرحد پار تعاون کا واضح ذکر شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان نے مؤقف اختیار کیا کہ مشترکہ دریاؤں اور آبی وسائل کے معاملے میں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارت کی جانب سے قرارداد کے متن سے سرحد پار آبی تعاون کا حوالہ نکالنے کی کوشش کی گئی، تاہم انسانی حقوق کونسل کے 47 رکن ممالک نے قرارداد کو اتفاقِ رائے سے منظور کرلیا۔
پاکستان کے فرسٹ سیکریٹری عدیل کھوکھر نے کہا کہ مشترکہ آبی وسائل پر تعاون ہمسایہ ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بالائی علاقوں میں موجود کوئی بھی ملک پانی کو سیاسی دباؤ یا اثر و رسوخ کے لیے استعمال نہیں کرسکتا۔