والد کی پنشن سے نابالغ بچوں کا نان نفقہ ادا کیا جاسکتا ہے، لاہور ہائیکورٹ
بچوں کا نان نفقہ عام مالی قرض نہیں بلکہ والد کی قانونی ذمہ داری ہے، جو والد اور بچوں کے رشتے کی بنیاد پر عائد ہوتی ہے
والد کی پنشن سے نابالغ بچوں کا نان نفقہ ادا کیا جاسکتا ہے، لاہور ہائیکورٹ(فائل فوٹو)
لاہور ہائیکورٹ نے نابالغ بچوں کے نان نفقہ کی ادائیگی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے پنشن اٹیچ کرنے کے خلاف درخواست مسترد کردی۔
جسٹس جاوید اقبال وینس اور جسٹس وقار حیدر اعوان پر مشتمل بینچ نے قرار دیا کہ پنشن وصول کرنے والے والد کی پنشن سے نابالغ بچوں کے نان نفقہ کی رقم ادا کی جاسکتی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ بچوں کا نان نفقہ عام مالی قرض نہیں بلکہ والد کی قانونی ذمہ داری ہے، جو والد اور بچوں کے رشتے کی بنیاد پر عائد ہوتی ہے۔
فیصلے کے مطابق فیملی کورٹ کو نان نفقہ کی حتمی ڈگری پر عمل درآمد کے لیے والد کا پنشن اکاؤنٹ منسلک کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ پاکستان آرمی ایکٹ کے تحت پنشن کو حاصل قانونی تحفظ نابالغ بچوں کے نان نفقہ کے حق پر فوقیت نہیں رکھتا۔ عدالت کے مطابق بچوں کا نان نفقہ اسلامی اصولوں اور پاکستانی قانون دونوں کے تحت تسلیم شدہ حق ہے۔
عدالت نے مزید کہا کہ فیملی کورٹ کی جانب سے جاری نان نفقہ کی ڈگری والد کی پہلے سے موجود قانونی ذمہ داری کو متعین کرکے اس پر عمل درآمد یقینی بناتی ہے۔