مریم نواز سے عمانی وزیر کی ملاقات،”اپنی چھت، اپنا گھر“منصوبے میں دلچسپی

عمانی وزیر نے مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کی جانب سے اعزاز ملنے پر مبارکباد دی

October 7, 2026 · قومی
مریم نواز سے عمانی وزیر کی ملاقات،”اپنی چھت، اپنا گھر“منصوبے میں دلچسپی

مریم نواز سے عمانی وزیر کی ملاقات،”اپنی چھت، اپنا گھر“منصوبے میں دلچسپی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عمان کے وزیر برائے ہاؤسنگ و شہری منصوبہ بندی ڈاکٹر خلفان بن سعید بن مبارک الشویلی نے ملاقات کی، جس میں رہائشی منصوبوں اور شہری ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران عمانی وزیر نے مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام کی جانب سے اعزاز ملنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پنجاب کے ”اپنی چھت، اپنا گھر“ منصوبے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

مریم نواز شریف نے عمانی وفد کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ صرف 18 ماہ کے دوران گھر بنانے کے لیے 2 لاکھ سے زائد افراد کو قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ ان کے مطابق منصوبے کے تحت 260 ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے ہیں اور قرضوں کی اقساط کی وصولی بھی شروع ہوچکی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد خاندان اپنے گھروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔ ان کے مطابق منصوبے میں میرٹ اور شفافیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور مستحق افراد کو کسی سفارش کی ضرورت نہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ وہ منصوبے کے تحت 10 لاکھ گھر تعمیر کرنا چاہتی ہیں، تاہم مالی وسائل کی محدودیت ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال کے دوران کم آمدن والے افراد کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صرف 14 ہزار روپے ماہانہ کی آسان قسط کے باعث منصوبے کی قرض واپسی کی شرح 99 فیصد سے زیادہ ہے، جبکہ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے ذریعے صوبے کے شہریوں کا ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے جس سے رہائش کی ضروریات کا اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے۔

عمانی وزیر ڈاکٹر خلفان بن سعید نے کہا کہ عمان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمان پاکستانیوں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔

عمانی وزیر نے بتایا کہ عمان میں رہائشی قرضوں کے دو بڑے طریقہ کار موجود ہیں، جبکہ کم آمدن والے افراد کو ہاؤسنگ گرانٹ بھی فراہم کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق عمان ہاؤسنگ بینک کے ذریعے قرضے دیے جاتے ہیں، تاہم ”اپنی چھت، اپنا گھر“ کا بلاسود ماڈل زیادہ بہتر ہے۔

انہوں نے عمان میں شہری منصوبہ بندی اور رہائشی ترقی کے لیے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مربوط حکمت عملی، پائیدار ترقی اور جدید رہائشی منصوبوں پر توجہ دینے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

عمانی وزیر کے مطابق پاکستانی کمپنیاں مسقط کی جائیداد کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں۔