عمران خان کا طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کون ہیں؟
ڈاکٹر فرقاد عالمگیر گزشتہ تقریباً 8 برس سے لاہور میں مقیم ہیں اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
عمران خان کا طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کون ہیں؟
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے طبی معائنے کے بعد ان کا معائنہ کرنے والے ماہر امراض قلب ڈاکٹر فرقاد عالمگیر سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فرقاد عالمگیر گزشتہ تقریباً 8 برس سے لاہور میں مقیم ہیں اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کے دور میں ڈاکٹر فرقاد عالمگیر کو پی آئی سی کے بورڈ آف گورنرز کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، جبکہ موجودہ حکومت نے بھی انہیں اسی عہدے پر برقرار رکھا۔ وہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین بھی ہیں۔
ڈاکٹر فرقاد عالمگیر برطانیہ میں بھی بطور سینئر ماہر امراض قلب خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کے اہل خانہ برطانیہ میں مقیم ہیں اور ڈاکٹر فرقاد کا وہاں آنا جانا رہتا ہے، جہاں وہ مریضوں کا معائنہ بھی کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فرقاد چند روز قبل بھی برطانیہ میں موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ انہوں نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے ایک سابق وفاقی وزیر کی انجیو پلاسٹی بھی کی تھی۔
طبی ماہرین کے مطابق عمران خان کے طبی معائنے کی رپورٹ میں ان کا بلڈ پریشر معمول کے قریب بتایا گیا۔ ڈاکٹروں نے انہیں بلڈ پریشر کے لیے دو ادویات جبکہ بے چینی کے لیے ایک دوا تجویز کی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فرقاد عالمگیر پی آئی سی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین کی حیثیت سے کوئی تنخواہ یا مراعات وصول نہیں کرتے۔