پنجاب میں کورونا اور فلو کا الرٹ جاری

بزرگ افراد، پانچ سال سے کم عمر بچے، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے موسمی فلو زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

October 7, 2026 · قومی
پنجاب میں کورونا اور فلو کا الرٹ جاری

پنجاب میں کورونا اور فلو کا الرٹ جاری

حکومت پنجاب نے کورونا اور موسمی فلو کے ممکنہ پھیلاؤ کے پیش نظر صوبے بھر میں صحت کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے تمام چیف ایگزیکٹو افسران صحت اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ طبی مراکز میں ضروری سہولیات مکمل طور پر فعال رکھی جائیں۔

مراسلے کے مطابق آئندہ دنوں میں ہسپتالوں کی بیرونی مریضوں کی خدمات اور وارڈز میں مریضوں کا رش بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر طبی عملے اور دیگر ضروری انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

محکمہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ بزرگ افراد، پانچ سال سے کم عمر بچے، حاملہ خواتین اور دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے موسمی فلو زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

صحت حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری طور پر رش والی جگہوں پر جانے سے گریز کیا جائے، ماسک کا استعمال کیا جائے اور ہاتھ بار بار دھوئے جائیں۔

محکمہ صحت کے مطابق فلو سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مؤثر حفاظتی اقدام ہے، جبکہ حاملہ خواتین اور بزرگ افراد کو ترجیحی بنیادوں پر فلو کی ویکسین لگوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔