ایمان فاطمہ نے رجب بٹ کے خلاف نان نفقے کا دعویٰ دائر کردیا

رجب بٹ کی جانب سے اہلیہ کو طلاق کا نوٹس بھیجے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم بعدازاں وہ اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئے

October 7, 2026 · قومی
ایمان فاطمہ نے رجب بٹ کے خلاف نان نفقے کا دعویٰ دائر کردیا(فائل فوٹو)

ایمان فاطمہ نے رجب بٹ کے خلاف نان نفقے کا دعویٰ دائر کردیا(فائل فوٹو)

یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان فاطمہ کے درمیان ازدواجی تنازع نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایمان فاطمہ نے فیملی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اپنے اور بیٹے کے نان نفقے کیلئے مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔

اس سے قبل رجب بٹ کی جانب سے اہلیہ کو طلاق کا نوٹس بھیجے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم بعدازاں وہ اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب میں شریک ہوئے، جس کے بعد دونوں کے درمیان معاملات بہتر ہونے اور صلح کی قیاس آرائیاں بھی کی گئی تھیں۔

ایمان فاطمہ کے وکلا کے مطابق طلاق کا نوٹس متعلقہ اتھارٹی میں رجسٹر نہ ہونے کے باعث دونوں کے درمیان نکاح کا قانونی رشتہ تاحال برقرار ہے۔

اب نان نفقے کا معاملہ فیملی کورٹ پہنچنے کے بعد رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کے ازدواجی تنازع نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی ہے۔