جن نکالنے کے نام پر لڑکی پر تشدد، ملزم کو 3 سال قید کی سزا

فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت میں موجود نذیر خان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔

October 7, 2026 · جرم وسزا
جن نکالنے کے نام پر لڑکی پر تشدد، ملزم کو 3 سال قید کی سزا

جن نکالنے کے نام پر لڑکی پر تشدد، ملزم کو 3 سال قید کی سزا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے دم درود اور جن نکالنے کے نام پر بیمار لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم نذیر خان کو 3 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی۔

سول جج مبشر حسن چشتی نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو 96 لاکھ 76 ہزار 195 روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت میں موجود نذیر خان کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔

مقدمے کے مطابق مدعی سعید اللہ جان اپنی بیمار بھتیجی زبیدہ بی بی کو روحانی علاج کی غرض سے ملزم کے پاس لے کر گیا تھا۔ الزام تھا کہ ملزم نے جن نکالنے کے بہانے لڑکی کے چہرے اور کان پر متعدد مرتبہ شدید تشدد کیا۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق تشدد کے نتیجے میں زبیدہ بی بی کے بائیں کان کا پردہ متاثر ہوا، جس کے باعث وہ سماعت سے محروم ہوگئی۔

ملزم نذیر خان کے خلاف واقعے کا مقدمہ تھانہ کورال میں درج کیا گیا تھا، جس کا فیصلہ عدالت نے سناتے ہوئے اسے قید اور دیت کی سزا سنادی۔