صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، مذاکرات غیر مشروط ہونے چاہئیں،بیرسٹر گوہر
بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے اور گرفتار پارٹی رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ مطالبہ
صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، مذاکرات غیر مشروط ہونے چاہئیں،بیرسٹر گوہر(فائل فوٹو)
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ان کی جماعت مذاکرات سے انکار نہیں کر رہی، تاہم حکومت کے ساتھ بات چیت غیر مشروط ہونی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک، عوام اور جمہوریت کے مفاد میں مذاکرات کا کامیاب ہونا ضروری ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، اس لیے گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی اجازت دی جائے اور گرفتار پارٹی رہنماؤں کو رہا کیا جائے۔ بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے علاج کے لیے لندن سے ڈاکٹر بلانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ متعلقہ ڈاکٹر لاہور میں بھی موجود ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی مشروط پیشکش کی گئی ہے، جبکہ ان کی جماعت پر مختلف پابندیاں عائد کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں مسائل کا حل سیاسی مذاکرات کے ذریعے تلاش کرتی ہیں، اسی لیے غیر مشروط بات چیت ہونی چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کے ساتھ رابطے موجود ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ تمام معاملات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔ ان کے بقول اگر پریس کانفرنسز کے بجائے مذاکرات پر اتنا وقت صرف کیا جاتا تو صورتحال مختلف ہوسکتی تھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ رات کو محسن نقوی سے ان کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق وہ علامہ راجا ناصر عباس سے ملاقات اور آل پارٹیز کانفرنس سے متعلق مشاورت کے لیے آئے تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علامہ راجا ناصر عباس کا مؤقف بھی یہی ہے کہ مذاکرات مشروط نہیں ہونے چاہئیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی نے پہلے بھی واضح کیا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جاسکتا ہے۔