گورنر خیبر پختونخوا کی سرگرمیاں آئین پر حملہ ہیں،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

سخت ردعمل، پیپلز پارٹی کے اقدامات سازش ہیں، صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا

October 7, 2026 · قومی
گورنر خیبر پختونخوا کی سرگرمیاں آئین پر حملہ ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

گورنر خیبر پختونخوا کی سرگرمیاں آئین پر حملہ ہیں، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

 

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے موجودہ اقدامات سے ایک اور مشرقی پاکستان بنانے کی کوشش نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے چیف سیکرٹری اور آئی جی کو بلا کر غیر آئینی اجلاس منعقد کرنے کو انتہائی افسوسناک اور آئین و جمہوریت پر براہ راست حملہ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں عوام کی دو تہائی اکثریت سے منتخب حکومت مکمل طور پر فعال ہے اور گورنر کی اس قسم کی غیر آئینی سرگرمیوں کا مقصد صوبائی حکومت کو اشتعال دلانا اور ردعمل پر مجبور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کی آئینی حیثیت کا جائزہ لینے کے لیے ایڈووکیٹ جنرل سے باضابطہ رائے لی جائے گی، جبکہ وزیراعلیٰ کو ہٹانے کے لیے آئین میں عدم اعتماد کا واضح طریقہ کار موجود ہے۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاق کا رویہ ہمیشہ سے خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رہا ہے۔ قبائلی اضلاع کے انضمام کے وقت طے شدہ مالی حقوق اور متاثرین کے تقریباً 100 ارب روپے کے واجبات اب تک ادا نہیں کیے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبے کا این ایف سی شیئر اپ گریڈ کرے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانیں قربان کرنے والے صوبے کے تمام واجبات ادا کرے۔