فیلڈ مارشل اور انتونیو گوتریس کی ملاقات۔کشمیر،سندھ طاس معاہدہ،افغانستان سے دہشت گردی پر بات چیت

گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور پاک فوج کی خدمات سراہیں

October 7, 2026 · قومی

فوٹو: فائل

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی استحکام، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی پر بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا۔

آرمی چیف نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو بھی سراہا اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی خصوصی طور پر تعریف کی۔