وزیراعظم شہباز شریف کی انتونیو گوتریس سے ملاقات، مسئلہ کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر گفتگو

اہم دورہ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اسلام آباد پہنچ گئے، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں جاری ہوں گی،

October 7, 2026 · اہم خبریں
وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے ہیں

وزیراعظم شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے ہیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکرٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے مہمان شخصیت کا استقبال کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران سیکریٹری جنرل صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے عالمی امن و سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا ذریعے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اسے یک طرفہ طور پر التوا میں رکھنے کا بھارت کا فیصلہ کسی قانونی بنیاد کا حامل نہیں ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھی فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان اور انسداد دہشتگردی کے امور زیر بحث آئے۔ اسحاق ڈار نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور کردار کو اجگر کیا۔ دریں اثنا، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں پاکستان گلوبل ایلومنائی نیٹ ورک (پی جی اے این) کے وفد سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان کے عالمی کردار، موسمیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری جنرل نے پاکستان کی جانب سے عالمی امن کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور افغان مہاجرین کی میزبانی کو سراہا۔