انسٹاگرام کا ڈائریکٹ میسجز میں مصنوعی ذہانت پر مبنی نیا گانا بنانے والا فیچر متعارف

اہم پیش رفت، میٹا اے آئی سانگ کریئٹر کی سہولت، ریڈ اونلی موڈ زیر غور

October 7, 2026 · اہم خبریں
انسٹاگرام کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے اے آئی سانگ فیچر اور ریڈ اونلی موڈ کی عکاسی کرتی ہوئی تصویر۔

انسٹاگرام کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے اے آئی سانگ فیچر اور ریڈ اونلی موڈ کی عکاسی کرتی ہوئی تصویر۔

معروف فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک دلچسپ اور جدید فیچر متعارف کرایا ہے جس کے تحت اب ڈائریکٹ میسجز میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی گانا بنانے والا فیچر پیش کیا گیا ہے۔ اس نئے ٹول کی مدد سے صارفین چند الفاظ، اپنے خیالات یا خود لکھے ہوئے بول کو ایک مکمل گانے کی شکل دے سکتے ہیں۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی پسند کا مختصر خیال یا بول درج کرنے کے بعد اپنی مرضی کا میوزک اسٹائل منتخب کرتے ہیں، جس کے بعد میٹا اے آئی ان کے لیے ایک نیا ٹریک تیار کرتا ہے۔ تیار ہونے والے اس گانے کو براہِ راست انسٹاگرام کی چیٹ میں دوستوں کے ساتھ باآسانی شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر تفریح اور سوشل شیئرنگ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کی مدد سے صارفین کسی دوست کی سالگرہ، اندرونی مذاق یا اچانک آنے والے کسی خیال کو محض چند سیکنڈز میں ایک مزاحیہ یا منفرد گانے میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ انسٹاگرام کی جانب سے یہ فیچر مرحلہ وار صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے، تاہم اس کی دستیابی ہر اکاؤنٹ کے لیے ایک جیسی نہیں ہے۔ جن صارفین کے پاس یہ آپشن فی الحال ظاہر نہیں ہو رہا، وہ اپنے انسٹاگرام کو تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کرکے کچھ وقت بعد دوبارہ اس کی جانچ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب انسٹاگرام پر ایک اور ممکنہ فیچر ‘ریڈ اونلی موڈ’ کی بھی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ٹیکنالوجی کے امور پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق اس ممکنہ فیچر کے ذریعے صارفین بغیر کوئی نشان چھوڑے پروفائلز اور مواد کو براؤز کر سکیں گے۔ اس موڈ کے فعال ہونے پر لائک کرنے، کمنٹ کرنے، میسج بھیجنے، فالو کرنے یا اسٹوریز دیکھنے کی سہولت محدود ہو سکتی ہے۔ #Instagram is working on a new perk for Instagram Plus: Read-Only Mode 👀 ℹ️ Browse a profile in read-only mode, preventing you from liking, commenting, messaging, following, or viewing stories. — Alessandro Paluzzi (@alex193a) October 3, 2026

اس حوالے سے انسٹاگرام کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ‘ریڈ اونلی موڈ’ فی الحال صرف اندرونی سطح پر کیا جانے والا ایک تجربہ ہے اور اسے بیرونی طور پر بالکل بھی ٹیسٹ نہیں کیا جا رہا۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس فیچر کی حتمی لانچ یا عام صارفین کے لیے دستیابی کے حوالے سے فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔