عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف
خون کا کینسر، مشکل دور سے گزرا ہوں، شفقت امانت علی کی پریس کانفرنس میں گفتگو۔
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی کا کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنی زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں خون کے کینسر (ملٹیپل مائیلوما) کی تشخیص ہوئی تھی۔ یہ انکشاف انہوں نے رواں ماہ کی 28 تاریخ کو کراچی میں ہونے والے کانسرٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شفقت امانت علی کا کہنا تھا کہ اس بیماری نے انہیں، ان کے خاندان اور دوستوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا اور وہ یہ بات اپنے کچھ دوستوں سے بھی چھپا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں اس کانسرٹ کی ریہرسل کرنے میں کافی وقت لگا کیونکہ وہ ایک کٹھن طبی مراحل سے گزر رہے تھے۔
گلوکار نے مزید بتایا کہ اگرچہ ان کی بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آ چکی ہے، تاہم انہیں ابھی بھی ایک خاص عمل سے گزرنا ہے جسے اسٹیم سیل تھراپی کہتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جب تک ان کا آٹو ٹرانسپلانٹ نہیں ہو جاتا، وہ ہلکی کیموتھراپی کے مترادف ادویات لے رہے ہیں اور ہر ہفتے اس عمل سے گزرتے ہیں، لیکن اب وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ شفقت امانت علی نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بالی وڈ میں بھی متعدد مقبول ترین گانے گائے ہیں، جن میں ‘متوا’، ‘تیرے نینا’، ‘بن تیرے’، ‘تیری جھکی نظر’، اور ‘آنکھوں کے ساگر’ سمیت دیگر ہٹ گانے شامل ہیں۔