اسلام آباد میں وی آئی پی موومنٹ،ریڈ زون کے متعدد راستے بند

آمدورفت کے دوران ریڈ زون، ایکسپریس وے اور پرانے ایئرپورٹ کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

October 8, 2026 · قومی
اسلام آباد میں وی آئی پی موومنٹ،ریڈ زون کے متعدد راستے بند

اسلام آباد میں وی آئی پی موومنٹ،ریڈ زون کے متعدد راستے بند

اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج وی آئی پی نقل و حرکت، تاجروں کے احتجاج اور کرکٹ ٹیم کی آمدورفت کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے، جبکہ ریڈ زون کے متعدد داخلی و خارجی راستے عارضی طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور بحرین کے وزیر خارجہ آج اسلام آباد سے روانہ ہوں گے۔ ان کی آمدورفت کے دوران ریڈ زون، ایکسپریس وے اور پرانے ایئرپورٹ کے اطراف ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ادھر آل پاکستان انجمن تاجران کی جانب سے آج سہ پہر 3 بجے سے 5 بجے کے دوران آبپارہ چوک میں احتجاج اور ممکنہ شٹر ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ احتجاج کے باعث آبپارہ اور ملحقہ علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے لیے اسٹیڈیم آنے اور واپس ہوٹل جانے کے دوران بھی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔ ٹیم کے تقریباً 4 بج کر 15 منٹ پر اسٹیڈیم روانہ ہونے اور رات 8 بج کر 35 منٹ پر ہوٹل واپسی کی توقع ہے۔

میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق بعض اوقات میں سروس محدود رہے گی۔ میٹرو اسٹیشنز پر سہ پہر 3 بجے سے 4 بج کر 40 منٹ تک جبکہ شام 7 بج کر 55 منٹ سے رات 9 بجے تک عارضی پابندیاں متوقع ہیں۔ میچز کے دوران 6th روڈ، شمس آباد اور فیض آباد اسٹیشنز پر میٹرو بس کے رکنے کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہوگی۔

دریں اثنا، ریڈ زون میں سکیورٹی انتظامات کے تحت متعدد داخلی اور خارجی راستے عارضی طور پر بند کیے گئے ہیں۔ ٹریفک حکام کے مطابق سیرینا گیٹ، نادرا گیٹ، ایکسپریس گیٹ یعنی ڈی چوک اور پریڈ ایونیو پر ٹی کراس باری امام کے راستے آمدورفت متاثر رہی۔

حکام کے مطابق مارگلہ گیٹ اور میریٹ گیٹ کو کھلا رکھا گیا ہے اور شہریوں کو ان راستوں کے استعمال کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی انتظامات کے باعث ریڈ زون کے اطراف بعض راستوں پر عارضی پابندیاں برقرار رہ سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں متبادل شاہراہوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے اور سفر میں تاخیر کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق فی الوقت اسلام آباد اور راولپنڈی کے اندر مرکزی شاہراہیں اور موٹرویز کھلی ہیں اور کسی بڑی شاہراہ کی مکمل بندش کی اطلاع نہیں ہے۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں مزید تاخیر کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سے موبائل فون اور ڈیٹا سروسز میں تعطل کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔