شہری کے ریکارڈ میں جنس خاتون درج، نادرا کو شناختی نمبر تبدیل کرنے کی ہدایت

نیا شناختی کارڈ جاری کیے جانے کے باوجود شناختی نمبر کا آخری ہندسہ تبدیل نہیں کیا گیا، جس کے باعث مختلف اداروں کے ریکارڈ میں شہری کی جنس خاتون ظاہر ہوتی رہی۔

October 8, 2026 · قومی
شہری کے ریکارڈ میں جنس خاتون درج، نادرا کو شناختی نمبر تبدیل کرنے کی ہدایت

شہری کے ریکارڈ میں جنس خاتون درج، نادرا کو شناختی نمبر تبدیل کرنے کی ہدایت

لاہور ہائیکورٹ نے شناختی کارڈ میں شہری کی جنس غلط درج ہونے کے معاملے پر نادرا کو شناختی کارڈ نمبر کا آخری ہندسہ درست کرنے کا حکم دے دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے نادرا کی جانب سے دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالتوں کے فیصلے برقرار رکھے۔

عدالت میں بتایا گیا کہ شہری ساجد مقصود کا ریکارڈ ابتدا میں خاتون کے طور پر درج تھا، جسے بعد میں درست کر دیا گیا۔ تاہم نادرا کی جانب سے نیا شناختی کارڈ جاری کیے جانے کے باوجود شناختی نمبر کا آخری ہندسہ تبدیل نہیں کیا گیا، جس کے باعث مختلف اداروں کے ریکارڈ میں شہری کی جنس خاتون ظاہر ہوتی رہی۔

عدالت نے قرار دیا کہ نادرا غلط اندراج کو انتظامی یا تکنیکی بنیاد پر مستقل برقرار نہیں رکھ سکتا اور ادارہ اس معاملے میں واضح قانونی ممانعت ثابت کرنے میں بھی ناکام رہا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ اگر شناختی نمبر تبدیل کرنا ضروری ہو تو شہری کو نیا شناختی نمبر جاری کیا جائے اور سابقہ ریکارڈ نئے نمبر پر منتقل کیا جائے تاکہ شہری کی ایک سے زائد شناخت کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔

عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ شناختی نمبر جاری کرنے کے طریقہ کار سے متعلق قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے نادرا کو فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے 60 روز کے اندر رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی۔