راولپنڈی میں 15 سالہ بچی کی لاش برآمد،مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل

ڈھوک نجو کی رہائشی 15 سالہ میمونہ مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم واپس نہ پہنچنے پر اہلخانہ نے اس کی تلاش شروع کی

October 8, 2026 · جرم وسزا
راولپنڈی میں 15 سالہ بچی کی لاش برآمد،مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل

راولپنڈی میں 15 سالہ بچی کی لاش برآمد،مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل

راولپنڈی کے تھانہ پیر ودھائی کی حدود میں 15 سالہ بچی کی لاش ملنے کے معاملے میں پولیس نے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 شامل کرلی ہے۔

پولیس کے مطابق ڈھوک نجو کی رہائشی 15 سالہ میمونہ مدرسے جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، تاہم واپس نہ پہنچنے پر اہلخانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ والد کی مدعیت میں ابتدا میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بچی کی اپنے خالو کے ساتھ موجودگی کا سراغ لگایا۔ پولیس ٹیم نے خالو کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں تالا لگا ہوا تھا اور وہ خود بھی موجود نہیں تھا۔

پولیس کے مطابق گھر کا تالا توڑ کر تلاشی لی گئی تو بچی کی لاش چارپائی کے نیچے سے برآمد ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پر تشدد اور مزاحمت کے بظاہر نشانات موجود تھے۔

واقعے کے بعد نامزد ملزم مبینہ طور پر فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں چارسدہ سمیت مختلف مقامات پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق بچی کے جسم پر موجود نشانات اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ موت کی حتمی وجہ اور دیگر اہم تفصیلات جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے۔ پولیس نے مقدمے میں قتل کی دفعہ 302 شامل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔