مائیکروسافٹ کا طاقتور اے آئی ونڈوز پی سی اور جدید سیکیورٹی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان

اہم پیش رفت، طاقتور اے آئی لیپ ٹاپ متعارف، اخراجات میں اضافے کا خدشہ

October 8, 2026 · اہم خبریں
مائیکروسافٹ کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا نیا اے آئی سرفیس لیپ ٹاپ الٹرا

مائیکروسافٹ کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا نیا اے آئی سرفیس لیپ ٹاپ الٹرا

ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے ذاتی کمپیوٹرز کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی طاقتور کوڈنگ ماڈل اور جدید سیکیورٹی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد اے آئی ایجنٹس کو صارف کی اجازت کے بغیر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے سے روکنا اور پیچیدہ کاموں کو کلاؤڈ سے نکال کر مقامی کمپیوٹرز پر منتقل کرنا ہے۔

روئٹرز کے مطابق سان فرانسسکو میں ہونے والی ایک تقریب کے دوران مائیکروسافٹ نے این ویڈیا کی اسپارک چپس سے لیس ’سرفیس لیپ ٹاپ الٹرا‘ پیش کیا۔ کمپنی کا مقصد ونڈوز کو ایسے اے آئی ایجنٹس کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہے جو ڈیسک ٹاپ یا لیپ ٹاپ پر خودکار طور پر کمپیوٹر کوڈ لکھنے اور پیچیدہ کاروباری منصوبوں پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اس تبدیلی سے وہ کام جو اب تک مہنگے ایژور کلاؤڈ کمپیوٹنگ ڈیٹا سینٹرز پر انحصار کرتے تھے، اب صارفین کے ذاتی طاقتور ونڈوز کمپیوٹرز پر انجام پائیں گے۔

حالیہ پیش رفت کے دوران خود مختار اے آئی ایجنٹس کے سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کی غرض سے مائیکروسافٹ نے ’’مائیکروسافٹ ایگزیکیوشن کنٹینرز‘‘ (مختصراً ایم ایکس سی) متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا۔ اس ٹیکنالوجی کے حوالے سے مائیکروسافٹ کے ایگزیکٹو نائب صدر پاون داؤولوری نے بتایا کہ اینتھروپک، اوپن اے آئی اور این ویڈیا بھی ان حفاظتی آولز کو استعمال کریں گے۔ مائیکروسافٹ کے چیف ایگزیکٹو ستیہ نڈیلا نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں ڈیسک ٹاپ کو اے آئی ایجنٹس کے کام کرنے کے لیے سب سے محفوظ جگہ بنانا تھا۔ این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے مطابق اس نئی ٹیکنالوجی کے بغیر اے آئی ایجنٹس کا استعمال ممکن نہیں ہوگا۔

دوسری جانب ماہرین اور تجزیہ کاروں نے ان نئی ڈیوائسز کی بلند قیمتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ میموری چپس کی قلت کے باعث ہارڈویئر کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث نیا سرفیس لیپ ٹاپ الٹرا 2,599 ڈالر سے شروع ہوگا جبکہ اس کے اعلیٰ ماڈل کی قیمت 5,899 ڈالر تک مقرر کی گئی ہے۔