ایبٹ آباد تھانہ بکوٹ کا دور دراز پہاڑی علاقہ بیروٹ خورد میں گھریلو ناچاکی پر ساس بہو کے جھگڑے میں ساس جاں بحق
تلخ کلامی پر خونی تصادم، دو خواتین اور ایک مرد نامزد، لاش اسپتال منتقل
ایبٹ آباد کے علاقے بکوٹ میں واقع جائے وقوعہ کا ایک منظر۔
ایبٹ آباد کے علاقے تھانہ بکوٹ کوھالہ چوکی کی حدود میں واقع گاؤں نڑی ہوتر بٹالہ میں گھریلو ناچاکی اور ساس بہو کے تنازعے کے نتیجے میں ہونے والے خونی تصادم میں ساس جاں بحق ہو گئی۔
پولیس حکام کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں مبینہ طور پر 2 خواتین اور ایک مرد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ایبٹ آباد روانہ کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یونین کونسل بیروٹ کے اس گاؤں میں احسان منظور عباسی کی زوجہ کے ساتھ گھریلو ناچاکی کی بنا پر عدالت میں خلع کا کیس زیرِ سماعت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ متنازعہ امور طے کرنے اور سامان لینے کے لیے مذکورہ خاتون اپنی والدہ اور چچا کے ہمراہ سسرال پہنچی تھی جہاں فریقین کے درمیان اچانک تلخ کلامی شروع ہو گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق اس دوران ہونے والے پرتشدد حملے میں احسان منظور عباسی کی والدہ کے سر اور پیٹ میں کاری چوٹیں آئیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او بکوٹ چنن خان اپنی نفری کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ضابطے کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ایس پی حویلیاں سرکل جمیل الرحمن قریشی اور ڈی ایس پی گلیات اس پورے کیس کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔