خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی،34 کروڑ روپے سے زائد آمدن

اس سال نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 66 ہزار ڈالر زیادہ ہے، جو تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے کے برابر بنتی ہے۔

October 9, 2026 · قومی
خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی،34 کروڑ روپے سے زائد آمدن

خیبرپختونخوا میں مارخور کے شکار کے پرمٹس کی نیلامی،34 کروڑ روپے سے زائد آمدن

پشاور: خیبرپختونخوا میں مارخور ٹرافی ہنٹنگ پرمٹس کی نیلامی سے ریکارڈ آمدن حاصل ہوئی ہے۔ چترال اور کوہستان میں ہونے والی نیلامی کے دوران مختلف پرمٹس مجموعی طور پر 12 لاکھ 11 ہزار 800 امریکی ڈالر میں فروخت ہوئے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 34 کروڑ روپے بنتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس سال نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 2 لاکھ 66 ہزار ڈالر زیادہ ہے، جو تقریباً ساڑھے 7 کروڑ روپے کے برابر بنتی ہے۔

نیلامی میں چترال کے مختلف علاقوں اور کوہستان میں مارخور کے شکار کے اجازت ناموں کے لیے نمایاں بولیاں لگائی گئیں۔ توشی ون چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 20 ہزار 600 ڈالر، توشی ٹو چترال کا پرمٹ 3 لاکھ 35 ہزار 600 ڈالر اور گہریت گول چترال کا پرمٹ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔

اسی طرح کوہستان کے علاقے کیگاہ کھوار کے پرمٹ کی بولی 2 لاکھ 95 ہزار 600 ڈالر تک پہنچ گئی۔

حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی آمدن کا 80 فیصد حصہ مقامی آبادی کو دیا جائے گا، جبکہ باقی 20 فیصد سرکاری خزانے میں جمع ہوگا۔ اس طریقہ کار کا مقصد مقامی کمیونٹیز کو جنگلی حیات کے تحفظ میں شریک کرنا اور قدرتی وسائل کی حفاظت کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔

مارخور کے شکار کے اجازت ناموں سے حاصل ہونے والی آمدن میں اضافے کو جنگلی حیات کے تحفظ اور مقامی آبادی کے لیے مالی فوائد کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔