کرک میں فائرنگ سے شہید ایس ایچ او اور پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا
نماز جنازہ میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداء کو سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے۔
کرک میں فائرنگ سے شہید ایس ایچ او اور پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا
پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ واقعے میں ایس ایچ او داؤد خان اور پولیس اہلکار فرہاد شہید ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کرک کے علاقے نیو کڑپہ میں فائرنگ کے واقعے میں جان سے ہاتھ دھونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہداء کے جسد خاکی مکمل سرکاری اعزاز اور احترام کے ساتھ تدفین کے لیے ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے۔
دوسری جانب فراہم کردہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کا کوئی نمائندہ نماز جنازہ میں شریک نہیں ہوا۔ اس حوالے سے سیاسی حلقوں میں صوبائی حکومت کے کردار پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔