علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر

26 نومبر کے احتجاج سے متعلق یہ مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں درج ہے

October 9, 2026 · قومی
علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر

علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کیس کا فیصلہ تیسری بار مؤخر

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں علیمہ خان کے خلاف محفوظ فیصلہ تیسری مرتبہ مؤخر کر دیا ہے۔ اب فیصلہ 16 اکتوبر کو سنائے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق علیمہ خان کے وکیل محمد فیصل ملک سمیت ان کی قانونی ٹیم آج عدالت میں پیش ہوئی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ مقدمے کی سماعت کرنے والے جج امجد علی شاہ خصوصی کورس کے سلسلے میں رخصت پر ہیں، جس کے باعث فیصلہ مؤخر کر دیا گیا۔

انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اس مقدمے کا فیصلہ پہلے ہی محفوظ کر رکھا تھا، تاہم آج وکلا کی عدالت میں پیشی کے موقع پر انہیں آگاہ کیا گیا کہ فیصلہ 16 اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق یہ مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں درج ہے اور اس کا فیصلہ انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے محفوظ کیا تھا۔