پی آئی اے بھی ریاض کیلئے فضائی آپریشن ملتوی کردیا

ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786-786 -111 پر رابطہ کریں۔

October 9, 2026 · قومی
پی آئی اے بھی ریاض کیلئے فضائی آپریشن ملتوی کردیا

پی آئی اے بھی ریاض کیلئے فضائی آپریشن ملتوی کردیا

 پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔

پی آئی اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے نے ریاض کے لیے اپنا فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کیا ہے۔‘

بیان میں مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786-786 -111 پر رابطہ کریں۔

یاد رہے کہ گذشتہ تین روز کے دوران حوثیوں کی جانب سے ریاض کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دو مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ جمعرات کو ہونے والے تازہ حملے کے بعد ایئر انڈیا اور دیگر متعدد بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے سعودی دار الحکومت کے لیے اپنی پروازیں معطل یا منسوخ کر دی تھیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی خبر رساں اداروں اے ایف پی اور روئٹرز نے خبر دی تھی کہ جمعرات کو ہونے والے حملے کے نتیجے میں ایئر پورٹ پر موجود سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی کے ایک طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔ اس حوالے سے سامنے آنے والی تصاویر میں ایک طیارے سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

بدھ کی رات سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے آگاہ کیا تھا کہ 6 اور 7 اکتوبر کی درمیانی شب بھی کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

سعودی حکام کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے اس حملے میں سوڈانی شہریت رکھنے والا ایک شخص ہلاک ہوا تھا جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں میں پانچ سعودی شہری، ایک مصری اور ایک پاکستانی شہری شامل تھا۔

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی سعودی عرب پر ہوئے ان حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثیوں کو فوری طور پر یہ حملے بند کرنے چاہییں۔