کے پی میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے معاملے پر کل اعلیٰ سطح کے اجلاس کا امکان

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم مشاورت متوقع،قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کاجائزہ لیا جائے گا

October 9, 2026 · قومی

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس متوقع، اہم فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔ (فائل فوٹو)

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے معاملے پر کل اعلیٰ سطح کے اجلاس کا امکان ہے، جس میں صدر مملکت، وزیراعظم اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ خیبرپختونخوا کے حوالے سے کل حتمی فیصلہ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع سمیت خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ صوبے میں اہم اختیارات وفاق کے استعمال میں دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 232 سے 234 تک کا جائزہ لینے کے بعد اہم فیصلوں کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔